نئی دہلی ۔29؍نومبر ( ایجنسیز )’ماب لنچنگ‘ کے سبب اپنی جان گنوانے والے دلت نوجوان ہری اوم کے اہل خانہ سے راہول گاندھی نے دہلی میں ہفتہ 29 نومبر کو ملاقات کی۔ کانگریس قائد سے ہری اوم کے والدین اور ان کی چھوٹی بہن کی ملاقات 10 جن پتھ پر ہوئی۔ راہول گاندھی نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ وہ ان کی لڑائی کو آخری دم تک لڑیں گے اور اہل خانہ کو ضرور انصاف دلائیں گے۔راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد ہری اوم کی چھوٹی بہن نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وہ مشکل وقت میں کندھے سے کندھا ملا کر ہمارے ساتھ کھڑے تھے۔ انہوں نے مکمل طور پر ہمارا ساتھ دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو دلت نوجوان ہری اوم والمیکی کو رائے بریلی میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ملزمین جب اس کی پٹائی کر رہے تھے تو اس نے اپنی جان بچانے کے لیے راہول گاندھی کا نام لیا تھا، اس کے باوجود مسلسل ان کی پٹائی کی گئی تھی۔
