نئی دہلی۔ 8 نومبر (یو این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زینت امان نے موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی تبدیلی کو دنیا کے سامنے ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی دور کی بات نہیں بلکہ اسی وقت ہمارے اردگرد ہو رہی ہے لیکن ہم اسے نظر انداز کرتے جا رہے ہیں۔ امان نے جمعرات کی شب بھارت منڈپم، پرگتی میدان میں موبیئس فاؤنڈیشن اور وارنر بردرس ڈسکوری کے اشتراک سے تیار کی گئی 10 قسطوں پر مشتمل دستاویزی سیریز ایمبریس آف ہوپ: دی فائٹ فار آور فیوچر کے پریمیئر کے موقع پر یہ بات کہی۔ زینت امان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے خطرات کے بارے میں یہ پیغام ہر شخص تک پہنچانا ضروری ہے ۔ ہم میں سے بہت سے لوگ اس موضوع پر اتنے سرگرم نہیں ہیں۔ ایک فرد کی حیثیت سے اور معاشرہ کے حصے کے طور پر ہم صرف ماحولیاتی تبدیلی کو ہوتے ہوئے ہی دیکھتے رہے ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور اس سمت میں کوئی ٹھوس قدم اٹھائیں۔