واشنگٹن ۔ ارتھ ڈے کے موقع پر صدر جو بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اپنے ایجنڈے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی جنگلات کے تحفظ اور جنگلوں میں لگتی آگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مضبوط ارادے کی ضرورت ہے۔ 22اپریل کو دنیا بھر میں ارتھ ڈے یا کرہ ارض کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس مرتبہ 52واں ارتھ ڈے منایا گیا۔ اس سال کا موضوع ہے، ہم اپنے کرہ ارض میں سرمایہ لگائیں گے۔ امریکہ میں یومِ ارض یا ارتھ ڈے کی بنیاد اس وقت پڑی جب لوگوں میں اس بارے میں اشتعال بڑھتا گیا کہ سیاسی سطح پر اس بارے میں کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آرہا کہ آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ماحولیاتی انحطاط پیدا ہو چکا ہے۔ دو خاص واقعات ایسے تھے جنہوں نے عام لوگوں کو کچھ کرنے پر راغب کیا۔ ایک وہ جب 1969 کے اوائل میں کیلیفورنیا کے ساحل سے پرے سمندر میں بڑے پیمانے پر تیل پھیل گیا اور دوسرے اسی سال جون میں ریاست اوہائیو کے شہر کلیو لینڈ میں دریائے کاہ یا ہوگا میں صنعتی فضلہ اتنا بڑھ گیا کہ اس میں آگ لگ گئی۔ اگرچہ یہ کوئی پہلا ایسا واقعہ نہیں تھا مگر یہ حتمی ثابت ہوا۔ اور 1969 میں دریائے کاہ یا ہوگا میں لگنے والی آگ ملک میں ماحولیاتی آلودگی کی علامت بن گئی۔