ماحولیاتی تحفظ پر زور ، طلبہ کو وسائل سے استفادہ کا مشورہ

   

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم انرجی کی یوم تاسیس، گورنر اے پی یشوا بھوشن ہری چندن کا خطاب
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گورنر آندھرا پردیش مسٹر یشوابھوشن چندن نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہر ایک سے اپنی کوشش کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وشاکھاپٹنم میں بھی کافی حد تک ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ پائے جانے کا اظہار کیا۔ گورنر نے آج اپنے دورہ وشاکھاپٹنم کے موقع پر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم اینڈ انرجی کے چوتھے یوم تاسیس کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تلگو زبان میں ’’ اندرکی نمسکارم ‘‘ کہتے ہوئے تمام شرکاء کو حیرت زدہ کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرشنا ۔ گوداوری بیسن میں پٹرولیم گیس کا ذخیرہ پایا جاتا ہے لہذا طلبہ کو چاہیئے کہ وہ اپنی سرگرمیوں و نت نئے طریقوں کے ذریعہ وسائل سے بہتر استفادہ کی کوشش کریں۔ انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم اینڈ انرجی کے تعلق سے اپنی نیک تمناؤں کا کا اظہار کیا اور بتایا کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ روز بروز سنگین شکل اختیار کرتاجارہا ہے اس سے انسانی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ ملک اور سماج کو کوئی بھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔ گورنر مسٹر یشوا بھوشن نے طلباء کو ملک کی تعمیر میں اپنا اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ اس تقریب کے موقع پر گورنر نے پٹرولیم انجینئرنگ شعبہ میں اعلیٰ رینکس حاصل کرنے والے طلباء میں سرٹیفکیٹس پیش کئے۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداران ضلع وشاکھاپٹنم بھی موجود تھے۔