ماحولیاتی تحفظ کیلئے شجرکاری مہم میں عوام حصہ دار بنیں

   

وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی اور رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی شجرکاری مہم میں شرکت

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر جنگلات و ماحولیات اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کی مہم میں ہر شہری کو اپنا رول ادا کرتے ہوئے مہم کا حصہ بننا چاہیئے۔ ریاست کے ہر گلی اور گاوں میں شجرکاری کے سلسلہ میں شروع کردہ مہم کا وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی نے افتتاح کیا۔ گرین انڈیا چیلنج کی جانب سے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کے علاوہ رکن راجیہ سبھا اور گرین انڈیا چیلنج مہم کے سربراہ جے سنتوش کمار، رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی، فاریسٹ کارپوریشن کے صدرنشین پرتاپ ریڈی، حکومت کے مشیر رمنا چاری اور دوسروں نے کتہ گوڑہ بوٹانیکل گارڈن اربن فاریسٹ پارک میں پودے لگاکر اس مہم کا آغاز کیا۔ دسہرہ تہوار کے موقع پر تمام دیہاتوں اور گلیوں میں ایک لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ گرین انڈیا چیلنج کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات اس پروگرام میں تعاون کرے گا۔ ضلع نرمل کے ہر گاؤں میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے شجرکاری مہم کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر کتہ گوڑہ بوٹانیکل گارڈن واکرس اسوسی ایشن کے اعزازی صدر کی حیثیت سے سنتوش کمار کو متفقہ طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بوٹانیکل گارڈن کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اس موقع پر شجرکاری کیلئے شعور بیداری سے متعلق رن کا پوسٹر جاری کیا گیا۔ر