رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار سے انڈین آئیل کارپوریشن کے ذمہ داروں کی ملاقات
حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) آنے والی نسلوں کو ورثے میں دولت سے زیادہ سرسبز و شاداب ماحول فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ شجرکاری کے ذریعہ ماحولیات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے اور ہر کسی کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے گرین انڈیا چیلنج کے تحت انڈین آئیل کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانب سے شجرکاری مہم میں حصہ لینے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہریتا ہارم کے تحت مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ ماحولیات کا تحفظ ہو۔ انڈین آئیل کارپوریشن نے جاپان میں عوامی مقبولیت رکھنے والے ’ میامی‘ کی طرز پر جی ایچ ایم سی کی مدد سے جنگلات کی دیکھ بھال اور ترقی کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ شجرکاری کے ساتھ ساتھ پودوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں انڈین آئیل کارپوریشن بڑے پیمانہ پر مہم کا منصوبہ رکھتا ہے۔ گچی باؤلی کے علاقہ میں اس پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جس میں شرکت کیلئے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کو مدعو کیا گیا۔ انڈین آئیل کارپوریشن کے جنرل منیجر ایس ایس آر پرساد نے سنتوش کمار سے ملاقات کی اور گرین چیلنج شجرکاری مہم کی ستائش کی۔ 17 فبروری کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ کے موقع پر پروگرام کے انعقاد کی تجویز ہے۔ اس موقع پر سنتوش کمار نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل جیسے ذخائر کے خرچ میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ایسے میں آنے والی نسلوں کیلئے شجرکاری کے ذریعہ بہتر ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے۔ سماج کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی تحفظ میں اپنا رول ادا کرے۔ انڈین آئیل کارپوریشن نے اپنی سماجی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے شجرکاری مہم کا فیصلہ کیا جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صنعتی اداروں کو بھی اپنی سماجی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کیلئے کام کرنا چاہیئے۔ تلنگانہ بھون سے گرین چیلنج پروگرام کا آغاز ہوا تھا جو آج ملک بھر میں مقبولیت اختیار کرچکا ہے۔ اس پروگرام میں ملک کی کئی نامور شخصیتوں نے حصہ لیا۔