حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ جناب محمود علی نے آج کہا کہ تلنگانہ میں ماحولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے شجرکاری بہت ضروری ہے۔ گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم میں منعقدہ ہریتا ہرم پروگرام میں شرکت کے بعد خطاب کر تے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اچھی صحت کے لئے آکسیجن ضروری ہے۔ شہر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کی روک تھام کے لئے ہر شہری احتیاط کریں۔ وائرس کے شکار افراد کو آکسیجن بہت ضروری ہوتی ہے اور درختوں سے ہی تازہ آکسیجن حاصل ہوتا ہے۔ جناب محمود علی نے تلنگانہ پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کے لاک ڈاوُن کے دوران مکمل پولیس عملہ نے رات اور دن کڑی محنت کی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ملک میں نمبر1 ہے اور چیف منسٹر کے سی آر نے اس سال کے موسم بارش میں 30کروڑ پودوں کی شجر کاری کا اعلان کیا ہے۔ شہر حیدرآباد کی آبادی ایک کروڑ سے بڑھ چکی ہے اور شجر کاری کے ذریعہ ماحولیات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس پروگرام میں ڈی جی پی تلنگانہ مسٹر ایم مہیند ریڈی اور پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے بھی شرکت کی۔
