ماحولیات کے تحفظ کیلئے شجرکاری کی اہمیت

   

رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی کتاب چیف منسٹر نے جاری کی
حیدرآباد : چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کی سالگرہ کے موقع پر پرگتی بھون میں گرین انڈیا چیلنج کی جانب سے شائع کی گئی کتاب ’’ورکشا ویدم‘‘ کی رسم اجراء انجام دی۔ ایم ہری کرشنا نے یہ کتاب تحریر کی ہے جبکہ ڈی سرینواس نے ایڈیٹنگ کی۔ اِس کتاب میں شجرکاری، جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ کتاب میں جنگلات اور ماحولیات سے متعلق خوبصورت تصاویر کو شامل کرتے ہوئے عوام کو شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں باشعور بنانے کی کوشش کی گئی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کتاب کی اشاعت پر سنتوش کمار کو مبارکباد دی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں جنگلات ایک قدرتی خزانہ ہیں اور ہر کسی کو جنگلات کے علاوہ ماحولیات کا تحفظ کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ حکومت ہریتا تلنگانہ پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر شجرکاری کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ چیف منسٹر نے گرین انڈیا چیلنج کے تحت شجرکاری کی مہم کی ستائش کی جس میں کئی قومی اور ریاستی قائدین کے علاوہ فلمی اور اسپورٹس کی اہم شخصیتیں حصہ لے چکی ہیں۔ یہ مہم باقاعدہ ایک تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی، رکن کونسل جی وینکنا، چیف منسٹر کے او ایس ڈی سرینواس دیشپانڈے، کلچرل ڈائرکٹر ایم ہری کرشنا، نامور ڈائرکٹر پورنا چندر اور گرین انڈیا چیلنج کے نائب صدر راگھو اور دیگر عہدیدار اِس موقع پر موجود تھے۔