ماحولیات کے تحفظ کیلئے طلبہ کے عزم کی ستائش

   

دیگلور میں شجرکاری مہم سے چیف آفیسر میونسپل کونسل نیلم کامبڑے اور دیگر کا خطاب
دیگلور ۔24 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن، دیگلور یونٹ کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ اور شجر کاری کے فروغ کے لیے جاری “مہم مٹی میں ہاتھ دل وطن کے ساتھ” کے سلسلے میں ایک خصوصی پروگرام مولانا ابوالکلام آزاد ہائی اسکول و جونیئر کالج دیگلور میں منعقد کیا گیا۔اس پروگرام کی نگرانی انجینئر قاسم ساجد نے کی ، جبکہ صدارت قاضی سید امداد علی (معزز رکن سوسائٹی ہٰذا) نے کی۔ پرنسپل شیخ رفیق احمد نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔پروگرام میں چیف آفیسر وایڈمنسٹریٹر میونسپل کونسل مسز نیلم کامبڑے میڈم اور سینیٹری انسپکٹر رتن دیپ سوریا ونشی بطور مہمانانِ خصوصی شریک رہے۔اس موقع پر سوسائٹی ہٰذا کے اساتذہ، معلمات اور غیر تدریسی اسٹاف اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بچوں نے شجر کاری کے حوالے سے تقاریر ، ترانے اور نظمیں پیش کیں۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں سید طٰہٰ علی، عطوفا سلطانہ اور دیگر شامل تھے۔مسز نیلم کامبڑے میڈم نے اپنی گفتگو میں تنظیم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے طلبہ میں بیداری پیدا کرنے کے جذبے کی تعریف کی۔پروگرام کے آخر میں اسکول کے میدان میں چیف آفیسر بلدیہ نیلم کامبڑے میڈم، قاضی امداد علی اورشیخ رفیق احمد کے ہاتھوں پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر طلباء کو ماحولیات کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور درختوں کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی۔ یہاں بھی اسکول انتظامیہ اور اساتذہ نے چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن کیساتھ بھرپور تعاون کیا، جس کے تحت اسکول میں شجر کاری عمل میں لائی گئی۔ یہ مہم بچوں میں ماحولیاتی شعور پیدا کرنے کی کامیاب کوشش ہے۔ قبل ازیں اسی نوعیت کا پروگرام ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسکول میں بھی منعقد کیا جا چکا ہے۔مہم کو کامیاب بنانے میں محترمہ ناظمہ قیصر، محمد رئیس الدین (امیر جماعت اسلامی)،فرحان قاضی، منان عظیم، اقصیٰ ثمر، عشرت جہاں نے فعال کردار ادا کیا۔