نئی دہلی : نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہندوستانی فطرت کے شعور کو فروغ دینے پر زور دینے کی اپیل کی اور کہا کہ بگڑتے ماحولیاتی نظام کو متوازن کرنے کے لئے کوششیں کرنی ہوں گی۔عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر جاری ایک پیغام میں نائیڈو نے کہا کہ ہمیں پائیدار زراعت کی جانب بڑھنا ہوگا ، دوبارہ سے جنگل کاری کرنی ہوگی اور سمندری آلودگی کو روکنا ہے ۔انہوں نے کہا ‘‘آج ماحولیات کا عالمی دن ہے ۔ ہندوستانی روایت میں پنہاں فطرت کے تئیں شعور کو دوبارہ اپنے طرز زندگی میں اختیار کریں۔ انسان ، تمام جانداروں کی طرح ، فطرت کا ایک حصہ ہے ، مالک نہیں۔ فطرت کا احترام کرنے سے ہی انسانی معاشرہ اپنا مستقبل محفوظ کرسکتا ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ ہمارا ملک عالمی ماحولیات کے تحفظ کے لئے ایک اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ ماحول کو فوسل توانائی کی آلودگی سے بچانے کے لئے صاف ستھری اور قابل تجدید توانائی اور موثر توانائی ٹکنالوجی تیار کی جارہی ہیں ، زمین اور آبی وسائل کو کیمیائی اور شہری آلودگی سے بچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔