ہدایہ اسکول سنگاریڈی میں ’’یوم اُردو‘‘ تقریب، جناب عبدالقادر فیصل و دیگر کا خطاب، اُردو کو بطور زبان اول پڑھانے کی ستائش
سنگاریڈی۔ 23؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ہدایہ ( Hidaayah) ہائی اسکول شانتی نگر سنگاریڈی میں ہفتہ 22 نومبر کو سہ پہر 3 بجے سے اردو ڈے تقریب محمد منصور علی پرنسپل ہدایہ ہائی اسکول کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں جناب محمد عبدالقادر فیصل ریاستی نائب صدر تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ مسعود امتیاز احمد خان سینئر جرنلسٹ، حافظ شیخ عارف جرنلسٹ، ایم اے متین جرنلسٹ، عبدالرحمٰن اکمل جرنلسٹ، محمد عارف فوٹو جرنلسٹ، شیخ ابو بکر ہائی ٹیک ٹی وی، محمد حاجی علی صدر پریس کلب سداسیو پیٹ، محمد منھاج صدر پریس کلب ظہیرآباد نے اعزازی مہمانان کے طور پر شرکت کی۔ الحاج محمد عبدالقادر فیصل نے کہا کہ اردو زبان محض الفاظ کا مجموعہ نھیں ہے بلکہ ایک تہذیب ہے۔ اردو ہماری ثقافت اور تاریخ ہے۔ اردو محبت، اخلاص، ایثار و قربانی، امن و بھائی چارہ کی زبان ہے۔ اردو کسی مذہب کی زبان نھیں ہے بلکہ اس ملک کی زبان ہے۔ یھاں پیدا ہوئی پلی بڑھی اور پروان چڑھی ہے۔ مذہبی وابستگی سے بالاتر ہوکر سب نے اس کی آبیاری کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مادری زبان انسان کی پہلی زبان ہوتی ہے اور مادری زبان کے ذریعہ ہم اپنے گھر، خاندان سماج اور معاشرہ سے جڑتے ہیں۔ مادری زبان کے ذریعہ ہی ہم دنیا کوسمجھنا، محسوس کرنا اور اظہار کرنا سیکھتے ہیں۔ بچوں کی ابتدائی تعلیم مادری زبان میں ہو تو ان کی ذہنی، علمی اور سماجی نشو نما موثر ہوتی ہے۔ جو بچہ مادری زبان پڑھنا اور لکھنا جانتے ہیں انھیں دیگر زبانیں سیکھنے میں دقت پیش نھیں آتی۔ گھروں میں اردو اخبارات و رسائل آنے اور پڑھنے سے ایک بہترین ماحول بنتا ہے اور بچہ اپنے بڑے بزرگ اور والدین کا ادب سیکھتے ہیں اور رشتوں کا احساس ہوتا ہے۔ انھوں نے ہدایہ ہائی اسکول پرنسپل محمد منصور علی کو مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ انھوں نے اسکول میں زبان اول کے اردو پر اردو کی تعلیم دیتے ہوے جرأتمندانہ اقدام کیا ہے۔ محمد منصور علی پرنسپل نے کہا کہ ہدایہ ہائی اسکول میں تقریبا 900 طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں اور اسکول میں اردو زبان اول کے طور پڑھائی جاتی ہے۔ اسکول کے طلباء و طالبات اردو ڈے پروگرام میں اردو دانی سے متعلق اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ اردو ڈے میں طلباء اسکول نے اردو کی اہمیت پر تقاریر، اردو کی تعریف پر اسان فہم انداز میں پلے کارڈ شو، جہیز کی لعنت پر ڈرامہ، امت مسلمہ کے حالات پر علامہ اقبال سے انٹرویو، مکالمہ، اردو نخمہ و دیگر پروگرامس پیش کئے۔ تمثیلی مشاعرہ کو خوب پسند کیا گیا۔ اس مشاعرہ میں جون ایلیا، احمد فراز، معراج فیض آبادی، راحت اندوری و دیگر شعراء کا کلام طلباء نے بہترین انداز میں پیش کیا۔ حافظ محمد معین نے نظامت کی۔ حبیب عرفان اور محمد محسن مبارکپوری کے علاوہ والدین و سرپرست طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔
