مادری زبان میں تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت : ودیا ساگر راؤ

   

خواندگی کیلئے حکومت کی مہم : ونود کمار ۔ تعلیم کے موضوع پر کتابوں کی رسم اجراء
حیدرآباد 13 جنوری (سیاست نیوز) مہاراشٹرا کے سابق گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے کہاکہ مشن بھگیرتا کے تحت جس طرح گاؤں گاؤں پینے کا پانی سربراہ کرنے کا منصوبہ ہے اُسی طرح ناخواندگی کے خاتمہ کے لئے گاؤں گاؤں خواندگی مہم کی ضرورت ہے۔ اِس سلسلہ میں حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ ودیا ساگر راؤ نے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے خواہش کی کہ وہ اِس سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی توجہ مبذول کرائیں۔ ودیاساگر راؤ آج رویندرا بھارتی میں وشوا ندھا ساہتیہ پیٹھم کی جانب سے شائع کی گئی تین کتابوں کی تقریب رسم اجرائی سے خطاب کررہے تھے۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار کے علاوہ شانتی بائیوٹک کے صدرنشین ورا پرساد ریڈی، وشوا ندھا ساہتیہ پیٹھم کے صدر پروفیسر کونڈل راؤ اور دوسرے اِس موقع پر موجود تھے۔ ودیا ساگر راؤ نے کہاکہ ریاست میں لاکھوں کی تعداد میں بیروزگار نوجوان ہیں جو معاشرہ کے لئے ایک اہم سوال ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ معیار تعلیم میں اضافہ پر توجہ کی ضرورت ہے کیوں کہ دسویں جماعت کے طالب علموں کو دوسری جماعت کے برابر قابلیت نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں اور اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ودیا ساگر راؤ نے مادری زبان میں تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ہر طالب علم کو پہلی تا چھٹی جماعت مادری زبان میں تعلیم لازمی حاصل کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ مادری زبان میں تعلیم کے ذریعہ مضبوط بنیاد قائم کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگرچہ انگریزی زبان کی اہمیت ہوتی ہے لیکن مادری زبان اِس سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ ریاست کی ترقی اور خاص طور پر تعلیم کو عام کرنے کے لئے حکومت کے اقدامات کی ستائش کی اور کہاکہ بہت جلد وہ کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے اِس مسئلہ پر بات چیت کریں گے۔ بی ونود کمار نے کہاکہ چیف منسٹر نے تعلیم کو عام کرنے کے لئے مختلف طبقات کے اقامتی اسکولوں کا جال پھیلادیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ ونود کمار نے مادری زبان میں تعلیم کو عام کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ ماہرین تعلیم کا اِس بات پر اتفاق ہے کہ مادری زبان میں تعلیم کے ذریعہ بہتر ترقی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں اقامتی اسکولوں کے قیام کا تجربہ کامیاب رہا اور تعداد میں اضافہ کیلئے دن بہ دن حکومت سے نمائندگی کی جارہی ہے۔