یوپی میڈیکل کونسل کا بیان
نویڈا (یوپی) 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میڈیکل کونسل رپورٹ نے الزام لگایا کہ خانگی ہاسپٹلس کے دو ڈاکٹرس مادر شکم موت کے لئے ذمہ دار ہیں۔ گریٹر نویڈا میں مقیم ایک سافٹ ویر انجینئر جوڑا سیکٹر 49 پولیس اسٹیشن سے مارچ میں رجوع ہوا اور شکایت کی تھی کہ اُن کے مادر شکم میں موجود بچے کی موت کا ذمہ دار کلاؤڈ 9 ہاسپٹل، سیکٹر 31 ہے۔ آئی پی سی 304 کے تحت پولیس نے ایف آئی آر درج کیا تھا جو لاپرواہی کے باعث موت سے متعلق ہے۔ انکت گارک نے پولیس میں شکایت درج کی تھی کہ ڈاکٹر پرتیبھا سنگھل اور ریتیکا دینا ناتھ نے اُن کی بیوی شویتا کیشپ جبکہ وہ درد زہ سے دوچار تھی، اُن پر کوئی توجہ نہیں دی اور تاخیر کے باعث اُن کے بچے کی موت مادر شکم میں ہی واقع ہوگئی۔معاملہ کو گوتم بدھ نگر چیف میڈیکل آفیسر اور میرٹھ میڈیکل بورڈ سے رجوع کیا اور بالآخر سارے معاملہ کی تحقیقات کیلئے یوپی میڈیکل کونسل کو حکم دیا گیا۔