مادناپیٹ میں پولیس کا کارڈن سرچ

   

چھ مشتبہ افراد گرفتار، 52 موٹر سیکلیں ضبط ، روڈی شیٹرس زیر حراست
حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ مادنا پیٹ میں کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا اور اس کارروائی کے دوران پولیس نے گاڑیوں کو ضبط کرنے کے علاوہ روڈی عناصر کو حراست میں لے لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون امبر کشور جھا کی زیر نگرانی 100 پولیس ملازمین پر مشتمل پولیس کی ٹیموں نے مادنا پیٹ کے چندریا ہٹس کا محاصرہ کرلیا اور یہاں کی تلاشی کے دوران دستاویزات کی عدم موجودگی پر 52 موٹر سیکلیں ضبط کرلی جبکہ 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کے علاوہ 6 روڈی شیٹرس کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون امبر کشور جھا نے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ اور سلامتی کو فروغ دینے کیلئے کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے متعلقہ علاقوں ، مکانات اور تجارتی اداروں میں سی سی ٹی وی کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

پیٹ بشیرآباد میں قتل کی سنگین واردات
حیدرآباد /24 اپریل ( سیاست نیوز ) پیٹ بشیرآباد کے علاقہ میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ جہاں 30 سالہ ارجن نامعلوم افراد کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ارجن جو تلسی نگر علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل رات ساتھیوں کے ہمراہ مئے نوشی کر رہا تھا اور اس دوران جھگڑا ہوا اور ارجن ہلاک ہوگیا ۔ تاہم حملہ کی وجہ اور حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔