حیدرآباد۔ 12 جون (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے ڈیٹنگ اسکام کا پردہ فاش کردیا۔ ڈیٹنگ کے نام پر مادھاپور کے پب میں لڑکیوں کی جانب سے دھوکہ دینے کے واقعات منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کی اور پردہ فاش کردیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھاپور زون ڈاکٹر جی وسنت نے میڈیا کو بتایا کہ 7 دھوکہ بازوں کو ناگپور مہاراشٹرا سے گرفتار کیا گیا جن میں اکاش کمار، سورج کمار، اکشت نرولہ، ترون، شیوراج نائک، روہت کمار اور سی سائی کمار شامل ہیں۔ آن لائن ڈیٹنگ کے نام پر مادھوپور کے پب میں دھوکہ دہی کے واقعات منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔ لڑکیاں گاہکوں کو جوش پب بلایا کرتی تھیں اور پب میں قیمتی شراب اور بھاری خرچ کروانے کے بعد فرار ہوجاتی تھیں۔ تقریباً ایک وقت میں 30 تا 40 ہزار روپے کا بل بنانے کے بعد اچانک غائب ہو جایا کرتی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ اس دھوکہ دہی میں پب مالکین بھی ملوث ہیں۔ پب مالکین اور دھوکہ بازوں کے درمیان ساز باز سے ساری کارروائی جاری تھی۔ گرفتار دھوکہ باز دہلی میں ڈیول نائٹ کلب چلایا کرتے تھے۔ ان دھوکہ بازوں کی جانب سے لڑکیوں کو شامل کرتے ہوئے انہیں تربیت دی جاتی ہے۔ ڈیٹنگ ایپ پر فرضی پروفائل تیار کرتے ہوئے گاہکوں کو راغب کیا جاتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سورج کمار گاہکوں سے لڑکیوں کے انداز میں چیاٹنگ کرتا تھا اور انہیں مادھاپور کے جوش پب کو بلایا جاتا تھا۔ جہاں ان دھوکہ بازوں کے لئے علیحدہ قیمتوں کا مینو رکھا جاتا اور فوری زائد قیمتوں کی اشیاء اور مہنگی شراب کا آرڈر کرنے کے بعد لڑکی اچانک چلی جاتی تھی اور پب کے مالکین بل ادا کرنے کے لئے کسٹمر پر زور دیتے تھے۔ اس طرح کا اسکام سابق میں دہلی اور بنگلورو میں کیا گیا اور اب حیدرآباد کے بعد ناگپور میں منصوبہ تیار کیا جارہا تھا۔ پولیس کے مطابق اس اسکام میں 50 تا 60 افراد کو دھوکہ دہی کا شکار بنایا گیا۔ ع