مادھا پور ندیم حسین قتل کا معمہ حلایک لڑکی سمیت 4 افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 16 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) مادھاپور پولیس نے سنسنی خیز ندیم حسین قتل کیس کو حل کرلیا ہے اور 4 افراد بشمول ایک لڑکی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ندیم حسین کا قتل منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے ۔ ندیم کو قتل کرنے کیلئے ایک منصوبہ تیار کیا گیا اور ندیم کو کثرت سے شراب پلانے کے بعد اس کا قتل کیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 20 سالہ شیخ عزیز احمد ساکن بورابنڈہ ، 19 سالہ شیخ رضوان ساکن بنجارہ نگر اﷲ پور ، 21 سالہ پی مہیش عرف آریہ ساکن بورا بنڈہ اور 32 سالہ کے شاملا دیوی ساکن کے پی ایم بی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس مادھاپور کے مطابق ندیم حسین سال 2019 ء میں پیش آئے قتل کی واردات میں ملوث تھا اور صنعت نگر پولیس اسٹیشن میں اُس کی روڈی شیٹ موجود تھی ، بعد ازاں اُس کی روڈی شیٹ کو بورا بنڈہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا ۔ ندیم حسین عزیز احمد کو ہراساں و پریشان کررہا تھا اور اُس کے ساتھ بدسلوکی کرتا تھا جس سے تنگ آکر اُس نے منصوبہ تیار کیا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قتل کردیا ۔ مادھاپور پولیس نے اُنھیں گرفتار کرلیا ۔ ع