مادھا پور کے آئی ٹی پارک میں دو ہمہ منزلہ عمارتیں دھماکہ کے ذریعہ منہدم کی گئیں

   

نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے قدیم عمارتوںکو منہدم کیا گیا

حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے آئی ٹی پارک میں دو ہمہ منزلہ عمارتوں کو منہدم کرنے کیلئے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا گیا اور دھماکہ کے ذریعہ چند سیکنڈس میں دونوں عمارتیں زمین دوز ہوگئیں۔ رہیجا مائنڈ اسپیس آئی ٹی پارک مادھا پور میں نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے بلڈنگ 7 اور8 کو منہدم کیا گیا۔ دھماکہ کے ذریعہ دونوں عمارتوں کے انہدام کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ کے ساتھ ہی دونوں ہمہ منزلہ عمارتیں زمین دوز ہوگئیں اور عمارتوں سے دھوئیں اور گرد و غبار کے کثیف بادل اڑتے ہوئے دکھائی دیئے۔ عمارتوں کے انہدام کا منظر دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں عوام موجود تھے اور کامیابی کے ساتھ مشن کی تکمیل پر عوام نے مسرت کا اظہار کیا۔ دھماکہ اور انہدامی کارروائی سے متصل عمارتوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس طرح کی انہدامی کارروائیوں میں غیر معمولی احتیاط کی جاتی ہے۔ دھماکہ سے قبل دونوں عمارتوں کی مکمل تلاشی لی گئی اور اطراف کی عمارتوں کو بھی احتیاطی طور پر خالی کرایا گیا تھا۔ پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موجود تھے۔ واضح رہے کہ آئی ٹی پارک کی قدیم عمارتوں کی جگہ نئی عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور رہیجا گروپ نے تعمیری سرگرمیوں کے بڑے پیمانے پر آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔