وشاکھاپٹنم 15 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) ہندوستانی بحریہ کی جانب سے ہمہ جہتی بحری مشقوں ’ ملن ‘ کا یہاں مارچ 2020 میں انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف ای این سی وائس ایڈمیرل اتل کمار جین نے آج یہ بات بتائی ۔ بحری اڈہ پر یہاں قومی پرچم لہرانے کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمیرل نے کہا کہ ملن سیریز دو سال میں ایک مرتبہ ہونے والی بحری مشقیں ہیں جن کا 1995 میں آغاز ہوا تھا اور گذشتہ سال ان کا انڈمان و نکوبار کمان میں انعقاد عمل میں آیا تھا ۔ وائس ایڈمیرل جین نے کہا کہ بحری سکیوریٹی کی بھاری ذمہ داری رکھنے والی بحریہ کیلئے یہ ضروری ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے بہتر سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور بحری و آبی حدود کو محفوظ بنایا جائے ۔ ایسا ہندوستانی بحریہ کو کسی بھی صورتحال کیلئے تیار کرتے ہوئے کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ کو موجودہ اور مستقبل کے چیلنجس سے نمٹنے کیلئے تیار کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ بدلتے سکیوریٹی تناظر میں بحریہ کی سکیوریٹی بہت اہمیت کی حامل ہے اسی لئے مشرقی بحری کمان کی ذمہ داری بہت اہمیت کی حامل ہوجاتی ہے ۔ یہاں ہر ایک کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے اور موجودہ اور مستقبل کے چیلنجس سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھنے کی ضرورت ہے ۔
