حیدرآباد 19 اپریل ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تمام روپوش نکسلائیٹس سے کہا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور قومی دھارے میں شامل ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو مارچ 2026 تک نکسل ازم کی لعنت سے پاک کرنے کا مصمم ارادہ رکھتی ہے ۔ امیت شاہ نے واضح کیا کہ مخالف نکسلائیٹس فورس کوبرا کے کمانڈوز اور چھتیس گڑھ پولیس نے 22 خطرناک نکسلائیٹس کو گرفتار کیا ہے جن کے پاس عصری ہتھیار اور دھماکو مادہ بھی تھا ۔ یہ گرفتاریاں چھتیس گڑھ کے بیجا پور ضلع میں مختلف کارروائیوںکے دوران عمل میں لائی گئیں۔ امیت شاہ نے بتایا کہ 11 نکسلائیٹس نے سکما ضلع میں ہتھیار بھی ڈال دئے ہیں۔ ان کی خود سپردگی کی وجہ سے یہ علاقہ اب پوری طرح نکسلائیٹس سے پاک ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ روپوش نکسلائیٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جتنا جلد ممکن ہوسکے ہتھیار ڈال دیں۔ قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اور مودی حکومت کی ہتھیار ڈالنے کی پالیسی کو قبول کریں۔ امیت شاہ نے کہا کہ حکومت مارچ 2026 تک ملک کو نکسلائیٹس سے پاک کرنے کا مصمم ارادہ رکھتی ہے اور اس کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سکیوریٹی فورسیس اور چھتیس گڑھ پولیس کو مبارکباد دیتے ہیں کہ وہ ہندوستان کو نکسلائیٹس سے پاک بنانے کی کوششوں میں شدت سے پیشرفت کر رہی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ نکسل ازم اب صرف چار اضلاع تک محدود ہوکر رہ گیا ہے ۔ اس لعنت کو ملک میں ختم کردیا جائیگا جیسا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی اے پی ایف اور سی آر پی ایف کے علاوہ کوبرا بٹالین نکسل ازم کے خاتمہ کیلئے سرگرم رول ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اب نکسل ازم آخری سانسیں لے رہا ہے اور اس کا خاتمہ قریب ہے ۔