واشنگٹن، 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے سابق کارگذار وزیر دفاع مارک ایسپر کو باضابطہ طور پر نئے وزیر دفاع کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔ امریکی صدر دفتر وائٹ ہاؤس کے مطابق مسٹر ایسپر کو نئے وزیر دفاع کے طور پر نامزد کئے جانے سے متعلق مکتوب سینیٹ کو اتوار کے روز بھیج دیا گیا ہے ۔ مسٹر ایسپر کو جمعرات تک سینیٹ میں ان کے نام کی تصدیق ہو جانے کے بعد ہی وزیر دفاع کا چارج مل سکے گا۔مسٹر ایسپر کے نام کی تصدیق ہو جانے تک بحریہ کے وزیر رچرڈ اسپینسر ان کی جگہ کام کریں گے ۔ دسمبر میں سابق وزیر دفاع جیمز میٹس کے استعفیٰ کے بعد سے وزیر دفاع کا عہدہ خالی تھا ۔ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر دفاع کا عہدہ اتنے وقت تک خالی رہا ۔ 55 سالہ مسٹر ایسپر ویسٹ پوائنٹ سے گریجویٹ ہیں اور خلیجی جنگ کے وقت انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
