لاس اینجلس: ’دی اوینجرز، تھور: رنگناروک، کیپٹن مارول، اوینجرز اینڈ گیم، اوینجرز آف الٹرون اور آئرن مین 3‘ جیسی فلموں میں ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو ’ہلک‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار مارک رفالو نے فلسطینیوں کی حمایت کو اپنی غلطی قرار دیدیا۔مارک رفالو نے رواں ماہ 11 مئی کو اپنی ٹوئٹ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں کی جانے والی حالیہ جارحیت کے پیش نظر اپنی ٹوئٹ میں ایک آن لائن پٹیشن کا لنک شیئر کرتے ہوئے اسرائیل پر جنوبی افریقہ پر نسل کشی کے فسادات کے دوران لگائی گئی پابندیوں جیسا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے لکھا کہ جنوبی افریقہ میں سیاہ فام افراد کی نسل کشی کو روکنے کے لئے اس پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جن کا فائدہ بھی ہوا تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ جنوبی افریقہ کی طرح اسرائیل پر بھی فری فلسطین کے لئے پابندیاں لگائی جائیں۔تاہم اب انہوں نے اپنی پرانی ٹوئٹ پر معافی مانگتے ہوئے اسرائیلی کی مخالفت کو اپنی غلطی تسلیم کرلیا۔مارک رفالو نے 25 مئی کو اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ حال ہی میں اسرائیل کے حوالے سے کی جانے والی اپنی ٹوئٹ پر معذرت خواہ ہیں، کیونکہ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں یہ لکھا تھا کہ اسرائیل ’نسل کشی‘ کر رہا ہے۔
