نظام آباد ۔ ڈاکٹر ماریہ سلطانہ دختر رفیق شاہی کہنہ مشق صحافی متحدہ ضلع نظام آباد و ایڈیٹر انچیف ہفتہ وار ’’ للکار ‘‘ نظام آباد جاریہ ماہ جون کے پہلے ہفتہ کے دوران مرکزی حکومت کے تحت واقع یونیورسٹی آف حیدرآباد کے زیر اہتمام منعقد ہ پوسٹ گریجویٹ ماسٹر آف پبلک اینڈ ہیلت کورس کے چوتھے و آخری سمسٹر امتحانات میں اعلیٰ نشانات کے ذریعہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے ۔ جنہوں نے ’’اے ‘‘ گریڈ زمرے میں (9.60) فیصد نشانات حاصل کئے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ لازمی ہوگا کہ موصوفہ نے اس جاریہ 2 سالہ کورس کو جاری رکھتے ہوئے پائور لفٹنگ کھیل کو بھی جاری رکھا جسکے باعث انہیں 19؍ مارچ 2022 ء کو لال بہادر اسٹیڈیم حیدرآباد میں حکومت تلنگانہ کے زیر اہتمام کلاسک پائور لفٹنگ چمپئن 2022 منعقد ہ مقابلوں میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ حکومت آندھرا پردیش کے زیر اہتمام انکا پلی ضلع مستقر پر 20؍ مئی تا 22؍ مئی کے دوران قومی جنوبی ہند سطح سے وابستہ 5 ریاستوں کے مابین سائوتھ انڈیا سب جونیئر اور سینئر خواتین کیلئے پائور لفٹنگ چمپئن 2022 ء کے مقابلوں میں بھی ’’جنوبی ہند چمپئن 2022 ‘‘ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔