ماسٹر احمد علی خان کو ساؤتھ زون شوٹنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل

   

آئندہ ماہ دہلی میں ہونے والی نیشنل چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی
حیدرآباد ۔21اکٹوبر ( سیاست نیوز) ماسٹر احمد علی خان نے ساؤتھ زون شوٹنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا ۔ حیدرآباد کے معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم نے محض 13سال کی عمر میں نشانہ بازی میں اپنا لوہا منوایا ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش ، پوڈوچری ، ٹاملناڈو اور کرناٹک پر مشتمل ساؤتھ زون کے جونیئر زمرہ میں احمد علی خان کو گولڈ میڈل حاصل ہوا ۔ بوائز اسکول کے 8ویں جماعت کے طالب علم احمد علی خان کو بچپن سے نشانہ بازی کا شوق ہے اپنے والد اور بڑے بھائی کو نشانہ بازی میں آئیڈیل ماننے والے اس کمسن شوٹر نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے داد منوائی ہے اور آئندہ ماہ 18 نومبر سے شروع ہونے والی نیشنل چمپئن شپ میں شرکت کا بھی انہیں ان کی صلاحیتوں کے سبب موقع ملا ہے جو دہلی میں منعقد ہونے والی ہیں ۔ ان کے بڑے بھائی ماسٹر عابد علی خاں نے نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا اور اب وہ ان دنوں دہلی میں ایشین گیمز کی تیاری میں مصروف ہیں جو دوحہ قطر میں منعقد ہونگے ۔ عابد علی خان کو ایشین شوٹنگ گیمز کیلئے قومی سطح پر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ ساؤتھ زون کی شوٹنگ میں چمپئن شپ شاٹ گن میں جو 16تا 21 اکٹوبر حیدرآباد میں منعقد ہوئی احمد علی خان کو گولڈ ، منتھیلان کمار ( ٹاملناڈو ) سلور اور محمد ایان جنگ ( کرناٹک ) کو برانز میڈل حاصل ہوا۔ جناب احمد علی خان کا تعلق حیدرآباد کے معروف گھرانے سے ہیں ۔ احمد علی خان ڈاکٹر صابر علی خان کے چھوٹے فرزند اور جناب ڈاکٹر شاہد علی خان کے پوتے اور بانی ایڈیٹر روزنامہ ’سیاست‘ جناب عابد علی خان مرحوم کے پڑپوتے ہیں ۔ ان کے بڑے بھائی عابد علی خان اور والد ڈاکٹر صابر علی خان کا شمار بھی قومی سطح کے ماہر نشانہ بازوں میں ہوتا ہے ۔ ڈاکٹر صابر علی خان نے بھی حالیہ دنوں شوٹنگ چمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی ہے ۔