ماسکو ۔ 7 اکتوبر (ایجنسیز) آج ’ماسکو فارمیٹ‘ اجلاس برائے افغانستان میں مندوبین ملک کی قومی سلامتی اور علاقائی تعاون کے امکانات پر بات کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان کے وزیرِ خارجہ ماسکو فارمیٹ میں باضابطہ رکن کے طور پر شریک ہو رہے ہیں۔افغانستان میں طالبان انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی جنگ زدہ ملک سے متعلق ’ماسکو فارمیٹ‘ کے ساتویں اجلاس میں شرکت کے لیے روسی دارالحکومت ماسکو پہنچے ہیں۔یہ اجلاس ماسکو میں منگل کے روز ہو رہا ہے اور یہ افغانستان پر ماسکو فارمیٹ مشاورت کا ساتواں دور ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق شرکاء افغانستان میں قومی سلامتی اور ’’قومی مفاہمت‘‘ کو فروغ دینے نیز کابل اور ہمسایہ ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔رپورٹ کے مطابق روس، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، چین، پاکستان، تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان اور طالبان کے نمائندے ان مذاکرات میں شریک ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی ماسکو فارمیٹ میں بطور سرکاری رکن شریک ہو رہے ہیں۔