ماسکو،28 نومبر (یو این آئی) روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ ماسکو کا یورپی ممالک پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ماسکو کا یورپی ممالک پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور ہم یورپ کو حملہ نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی کروانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے یورپ پر ممکنہ روسی حملے کے خدشات کو “جھوٹ” اور “مکمل فضول” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ “بے وقوفانہ” باتیں ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ ہم نے کبھی ایسا کرنے کا ارادہ نہیں کیا لیکن اگر وہ ہم سے سننا چاہتے ہیں، تو ہم اسے دستاویزی شکل میں یقین دیانی کروائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی رہنما سیاسی فائدے اور دفاعی صنعتوں کیلئے خطرے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں، یورپ پر حملے کے منصوبے کا سننا حماقت ہے ، روسی حملے کے دعوے کرنے والے یا تو نااہل ہیں یا بددیانت۔ یاد رہے کہ یہ بیان یورپ میں بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان سامنے آیا ہے ، جہاں یورپی رہنما روس کی یوکرین پر حملے سے قبل پوتن کے انکار کو یاد کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔ پوتن نے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کیلئے امریکہ کی حمایت یافتہ امن منصوبے کو ایک بنیاد قرار دیا، لیکن مطالبہ کیا کہ کیئف ڈونٹسک اور لوہانسک علاقوں سے فوجی واپسی کرے ، ورنہ فوجی کارروائی کا خطرہ بڑھ جائے گا۔