ماسک نہیں تو ووٹ نہیں، الیکشن کمیشن کے احکامات

   

۔2 کارپوریشن اور 5 میونسپلٹیز میں 30 اپریل کو رائے دہی ، 3 مئی کو ووٹوں کی گنتی

حیدرآباد: ریاست میں 2 کارپوریشنس اور 5 میونسپلٹیز کے لیے 30 اپریل کو منعقدہونے والے انتخابات کے لیے اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتا سارتھی نے کہا کہ ماسک نہ لگانے والے رائے دہندوں کو ووٹ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ساتھ ہی انتخابی عملہ کے لیے ماسک، گلوز اور فیس شیلڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 2 کارپوریشنس ورنگل اور کھمم کے علاوہ 5 میونسپلٹیز سدی پیٹ، جڑچرلہ، اچم پیٹ، کوتور اور نکریکل کے انتخابات کے لیے منگل کو شام 5 بجے انتخابی مہم اختتام کو پہنچی۔ ایک ہفتہ تک تمام سیاسی جماعتوں نے طوفانی انتخابی مہم چلائی۔ 30 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کووڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ رائے دہندوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ لازمی طور پر ماسک لگاکر پولنگ بوتھ پہنچیں ورنہ انہیں ووٹ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 30 اپریل کو صبح 7 بجے تا شام 5 بجے تک رائے دہی مقرر ہے۔ 3 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ رائے دہی سے ایک دن قبل تمام پولنگ مراکز کو سانیٹائز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی انتخابی عملہ اور رائے دہندوں کے لیے ماسک کو لازمی قرار دیا گیا۔ سماجی دوری برقرار رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ رائے دہی مراکز کے لیے جس طرح وسیع تر منصوبہ تیارکیا گیا ہے اس طرح ووٹوں کی گنتی کے لیے بھی وسیع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ ضرور پڑھنے پر کائونٹنگ عملہ کو پی پی ای کٹس بھی فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ 80 سال عمر مکمل کرنے والے ضعیف افراد، معذورین اور 15 اپریل کے بعد کورونا سے متاثر ہونے والے رائے دہندوں کو پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔