ماسک نہ لگانے پر 1,000 روپئے جرمانہ

   

7تا19مئی 16,264 مقدمات ، سرویلنس کیمروں سے مدد
حیدرآباد ۔22۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس نے ماسک نہ پہننے والے شہریوں کے خلاف بڑے پیمانہ پر کارروائی کی ہے ۔ 7 مئی سے 19 مئی کے درمیان ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور شہروں میں 16,264 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے سرویلنس کیمروں کے ذریعہ ماسک نہ پہننے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور انہیں فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ کیا ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران ایک ایسی ٹکنالوجی متعارف کی گئی تھی جس میں ماسک نہ پہننے والوں کی خصوصی طور پر نشاندہی کی جارہی تھی۔ شہر حیدرآباد میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف 3892 مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ راما گنڈم اور رچہ کنڈہ میں 1461 اور 1105 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ نے شہریوں کو یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے مکانات سے باہر نکلنے کے وقت ماسک پہنے ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور خصوصی ٹکنالوجی کے ذریعہ ان کی نشاندہی کرنے کے بعد ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا ۔ پولیس نے متعلقہ علاقوں کے کمانڈ کنٹرول سنٹرل سے چہروں پر ماسک نہ دکھنے سے ان کی نشاندہی کی اور کارروائی کی گئی ۔