چیف سکریٹری سومیش کمار نے نے احکام جاری کردئے
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں ماسک کے عدم استعمال پر 1000روپئے چالان کیا جائیگا۔ چیف سیکریٹری سومیش کمار نے آج جی او جاری کرکے ماسک کے لزوم کی خلاف ورزی پر 1000 روپئے جرمانہ کے فیصلہ کو نافذ کرنے احکام جاری کردیئے ۔چیف سیکریٹری کے احکام کے مطابق وبائی امراض پر قابو پانے قوانین اور مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے 23 مارچ کو جاری احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ماسک کے لزوم کے سلسلہ میں 27مارچ کو جی او جاری کرکے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تھے اور آج جی او ایم ایس نمبر 82 جاری کیا گیا جس میں ماسک کے لزوم کی خلاف ورزی پر 1000روپئے کا چالان کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ماسک نہ لگانے والوں پرچالان کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق شہر و ریاست بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کرکے ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر چالان کا پولیس کو اختیار دیا گیا ۔تاجرین جو اپنے تجارتی اداروں میں موجود ہیں انہیں بھی ماسک استعمال کرنا ہوگا اور جو لوگ ماسک کا استعمال نہیں کریں گے ان تجارتی مراکز و دفاتر پر بھی چالان کی گنجائش رہے گی۔گذشتہ یوم کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہا تھا کہ گر کوئی کار میں تنہاء بھی سفر کر رہا ہے تو اسے بھی ماسک استعمال کرنا ہوگا۔ احکامات کے بعد ماسک کے لزوم پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ مرکز کے احکام اور رہنمایانہ خطوط اور حکومت تلنگانہ کے احکام کے بعد بھی شعور بیداری مہم چلائی جاتی رہی اور شعور اجاگر کرنے کے بعد ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر جرمانہ کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔