ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سی سی کیمروں سے کارروائی: رچہ کنڈہ پولیس

   

حیدرآباد : ماسک کا استعمال نہ کرنے والے شہریوں کو اب لاپرواہی مہنگی ثابت ہوگی چونکہ رچہ کنڈہ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی بنیاد پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے چونکہ چند شہری صرف جرمانے سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال کرتے ہیں جبکہ اگر پولیس کسی مقام پر دکھائی نہ دے تو ان پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ یہ رجحان بہت ہی خطرناک اور اپنے ساتھ ساتھ ساتھی شہریوں کیلئے سماج کیلئے خطرناک ثابت ہوگا ۔ تاہم اسی وجہ سے رچہ کنڈہ پولیس نے ای چالان کی شکل میں خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے اور اپنے سماج کیلئے ماسک کا استعمال کریں ۔ بصورت دیگر انہوں نے شہریوں کو سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 13 اپریل کو رچہ کنڈہ حدود میں 832 مقدمات درج کئے گئے ۔ ریاستی حکومت کے جی او 82 کے مطابق ان کے خلاف کارراوئی ہوگی ۔ انہوں نے شہریوں سے تمام احتیاطی اقدامات پر عمل کرنے کی درخواست کی اور بتایا کہ شادی تقاریب میں بھی 200 افراد سے زائد کی شرکت کی اجازت نہیں رہے گی جس کے لئے تمام شرائط پر عمل کرنا لازمی ہوگا ۔ انہوں نے 50 سال سے زائد عمر والے شہریوں کو ویکسین لینے کی ضرورت پر زور دیا۔