ماسک نہ پہننے پر 1000 روپئے جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت

   

وزیر اعظم کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے بعد کے سی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے ماسک نہ پہننے والے افراد پر 1000 روپئے جرمانہ عائد کرنے کی پولیس کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ڈی جی پی مہیندر ریڈی کے ذریعہ ماسک پہننے کے قواعد پر سختی سے عمل آوری کیلئے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دینے پر زور دیا۔ کورونا وائرس پر تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس کے ساتھ وزیر اعظم کی ویڈیو کانفرنس کے بعد کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں کورونا پر قابو پانے کیلئے کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ماسک کے استعمال کے بشمول تمام ضروری احتیاطی اقدامات پر عمل کریں۔ حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل جیسے کثیر آبادی والے علاقوں میں زیادہ چوکسی اختیار کریں۔ جائزہ اجلاس میں وزیر صحت ای راجندر، وزیر قبائیلی بہبود ستیہ وتی راٹھور، مشیر اعلیٰ راجیو شرما اور دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے۔انہوں نے کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا۔ ساتھ ہی فرنٹ لائن ورکرس کو صد فیصد ٹیکہ دینے پر زور دیا اور کہا کہ اندرون ہفتہ سارے کاموں کو مکمل کیا جائے۔اعلیٰ عہدیداروں سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ محکموں میں عملے کو صد فیصد ویکسین دینے پر زور دیا۔