ماسک کا استعمال اور سماجی دوری پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی

,

   

دوکاندار بھی نشانہ بنیں گے ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی بھگوت کا انتباہ
حیدرآباد : ۔ بغیر ماسک کے گھومنے والے شہریوں اور سماجی دوری کا خیال نہ رکھنے والے دوکاناروں کے خلاف سخت گیر قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ اور کسی بھی قسم کے عوامی مجموعہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں کویڈ 19 سے متاثرہ اور کویڈ 19 کو شکست دے کر ڈیوٹی پر بحال ہونے والے عہدیداروں کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی تھی ۔ کمشنر نے کہا کہ پولیس ملازمین میں حوصلہ افزائی کے لیے اس اقدام کو انجام دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں جملہ 53 پولیس عہدیدار اور ملازمین متاثرہ پائے گئے ۔ آج 7 عہدیدار کورونا کو شکست دے کر صحت مند خدمات پر بحال ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیوٹی پر بحال ہونے والے عہدیداروں اور ملازمین کو احتیاط کے لیے پابند کیا گیا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ماسک کے استعمال کو اپنے اوپر لازم کرلیں ۔ چونکہ اس وباء کو پھیلنے سے روکنے میں ماسک اور سماجی دوری اہم عمل ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے خصوصی مہم چلائی جائے گی اور ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کو ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ایسے شہریوں پر بھی سخت نظر رکھی جارہی ہے ۔ جو ہوم کورنٹائن کیے گئے کو مکانات سے باہر نہ آنے کی اپیل کی اور کہا کہ احکامات کی خلاف ورزی پر ایسے شہریوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شادی تقاریب میں 50 سے زیادہ افراد کی شرکت پر مقدمہ اور کارروائی ہوگی ۔ جب کہ اس طرح آخری رسومات کی انجام دہی میں زائد افراد کی شرکت پر بھی سخت قانونی کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے شہریوں سے ایسے واقعات کی ڈائیل 100 اور واٹس ایپ نمبر 9490617111 پر شکایت کرنے کی درخواست کی ۔۔