ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کی سی سی کیمروں سے شناخت

   

حکومت سے اجازت ، محکمہ آئی ٹی اور جی ایچ ایم سی کی تیاری
حیدرآباد۔ دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد میں آرٹیفیشیل انٹلیجنس کا استعمال کرتے ہوئے ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف چالان کئے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق سی سی ٹی وی جو کہ دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں موجود ہیں ان کا استعمال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کے محکمہ انفار میشن ٹکنالوجی کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے حکومت کو واقف کروایاجاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس مقصد کیلئے ریاستی حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ محکمہ پولیس اور بلدی نظم و نسق کی جانب سے چہرہ شناسی ایپ کا استعمال کیا جائے گااور جو شخص ماسک نہ لگائے گا اس کے موبائیل پر چالان پہنچانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں ۔ محکمہ کے عہدیداروں نے بتایاکہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ماسک کے لزوم کے عائد کئے جانے اور 1000 روپئے چالان کے فیصلہ کے بعد سے اس بات کا جائزہ لیا جا رہاتھا کہ اس فیصلہ کو کس طرح سے قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جائیں کیونکہ جابجا پولیس کی جانب سے تصویر کشی یا صرف سی سی ٹی وی کیمروں پر انحصار کرنے پر ماسک کے لزوم کے عمل کومؤثر بنانا ممکن نہیں تھا اسی لئے مختلف محکمہ جات سے مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ ریاست میں موجود ڈاٹاکا استعمال کرتے ہوئے ماسک کے لزوم کے لئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے اور مصنوعی ذہانت کے ساتھ تصویر شناسی ایپ کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے نافذ کئے گئے قوانین کو قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ اس منصوبہ کے بعد دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقو ںمیں اضافی سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران شہر حیدرآباد کے رہائشی علاقو ںمیں بھی سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں گے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کو مصنوعی ذہانت کے استعمال کے ذریعہ ماسک کے لزوم کی خلاف ورزی کرنے والوںکی نشاندہی کی اجازت فراہم کئے جانے کی صورت میں کہا جا رہاہے کہ ماسک کا استعمال نہ کرنے والے 95 فیصد شہریوں کی شناخت کرتے ہوئے ان کے چہروں سے ان کے فون نمبرات کا پتہ لگاتے ہوئے انہیں چالان روانہ کئے جائیں گے۔