ماسک کا استعمال کریں اور ٹیکہ ضرور لیں: فاروق حسین

   

کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد عوام سے اپیل، ایم ایل سی کا بیان

حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے شہری ماسک کے استعمال کے علاوہ کورونا وائرس کا ٹیکہ لیں اور جہاں تک ممکن ہوسکے پرہجوم مقامات سے دور رہیں ۔رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد جاری کردہ اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ممکنہ حد تک وائرس سے محفوظ رہنے کے اقدامات پر عمل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہونے والی تکالیف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا وائر س سے محفوظ رہنے کے لئے دیئے جانے والے دو ابتدائی ٹیکوں کے علاوہ بوسٹر بھی لے چکے تھے لیکن اس کے باوجود وہ کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور انہیں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد کمزوری‘ نقاہت ‘سردی ‘ زکام اور بخار کے سبب کافی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ۔جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ ان کے معالج کے مطابق ان کی ٹیکہ اندازی وقت پر ہونے کے سبب وہ کورونا وائرس کی سنگین علامتوں کا شکار نہیں ہوئے اور اگر وہ ٹیکہ حاصل نہ کرتے تو شائد انہیں مزید تکلیف دہ حالات سے گذرنا پڑتا۔رکن قانون ساز کونسل نے ان کی صحت کے متعلق فکر کرنے اور ان کی صحت یابی کیلئے دعاء کرنے والوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور چاہنے والوں کی دعاؤں کے نتیجہ میں وہ دوبارہ عوامی زندگی میں آچکے ہیں اور مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔جناب فاروق حسین نے بتایا کہ جن لوگوں میں علامات پائی جا رہی ہیں انہیں کورونا وائرس کا معائنہ کروانے اورعلامات کی صورت میں قرنطینہ اختیار کرتے ہوئے دوسروں کو محفوظ رکھنے میں تعاون کرنا چاہئے ۔ م