ماسک کا عدم استعمال 6 دن میں 6478 چالانات

   

حیدرآباد۔ماسک نہ پہننے پر پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جارہی ہے اور گذشتہ 6 دن میں تلنگانہ میں 6478 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ ڈی جی پی دفتر سے جاری تفصیلات کے مطابق 5 تا 11 اپریل حیدرآباد، رچہ کنڈہ اور سائبر آباد حدود میں 3214 افراد کے خلاف کیس درج کئے گئے جن میں حیدرآباد میں 2030 مقدمات ہیں۔ راما گنڈم، ورنگل، کھمم، نظام آباد، سدی پیٹ اور کریم نگر کمشنریٹ حدود میں 1374 کیس درج کئے گئے ۔ جبکہ دیگر اضلاع میں 1890 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ عوامی مقامات پر ماسک کے لزوم پر سختی سے عمل کے سلسلہ میں پولیس نے سخت موقف اختیار کیا ہے اور ماسک نہ پہننے پر کارروائی کی جارہی ہے۔ ڈی جی پی نے دو دن قبل تمام پولیس کمشنران، ضلع سپرنٹنڈنٹس پولیس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کورونا وائرس وباء کا جائزہ لیا اور ہدایت دی تھی کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور جرمانہ عائد کیا جائے۔