ماسک کی بھاری قیمتوں پر فروخت ، میڈیکل شاپس پر دھاوے

   

حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے شہر حیدرآباد کے مختلف میڈیکل شاپس پر دھاوے کرتے ہوئے 16 میڈیکل شاپس کے خلاف کارروائی کی۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے فروخت کئے جانے والے میڈیکل ماسک کو زیادہ قیمت پر فروخت کرتے ہوئے بلیک مارکٹنگ میں ملوث ہورہے تھے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈرگ کنٹرول کے ڈرگ انسپکٹرس کی ایک ٹیم نے شہر کے مختلف میڈیکل شاپس اور اچانک دھاوے کئے اور اس بات کا پتہ لگایا کہ ماسک کی قلت کی وجہ سے ماسکس کو دوگنی قیمت پر فروخت کیا جارہا تھا ۔ ڈرگ کنٹرول کے ڈائرکٹر پریتی مینا نے کہا کہ انہیں یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ شہر میں کئی میڈیکل شاپس ماسکس کو زیادہ قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں ۔ دراصل اس کی قلت حقیقت میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ماسک کے استعمال میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے اور عوام اسے خریدنے کیلئے کئی مسائل کا سامنا کررہی ہے ۔ جبکہ بعض میڈیکل شاپس کے مالکین اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ماسک کو اونچے دام میں فروخت کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 16 میڈیکل شاپس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور مستقبل میں بھی اس قسم کی کارروائی جاری رہے گی ۔