حیدرآباد 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شہر میں کورونا وائرس کے ایک کیس کی توثیق کے بعد ماسک کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور زائد قیمت پر ماسک فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے چار میڈیکل شاپس کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ کوکٹ پلی کے بالاجی نگر میں واقع ماروتی میڈیکل شاپ اور سری سائی میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور کے خلاف دفعہ 420 پہلا مقدمہ درج کیا گیا۔ دوسرے مقدمہ کے تحت باچوپلی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع میڈپلس اسٹور (پرگتی نگر) اور اپالو فارمیسی (نظام پیٹ) اور اسی علاقہ کی ایک موبائیل شاپ کے خلاف ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعہ 420 کے تحت ایف آئی آر درج کئے گئے جو بھاری قیمت پر ماسک فروخت کررہے تھے۔ رشوت کے خلاف جدوجہد کرنے والی تنظیم فورم اگینسٹ کرپشن (ایف اے سی) کے نائب صدر سائی تیجا کی شکایت پر یہ دنوں مقدمے درج کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے سبب عوام میں پیدا شدہ خوف و سنسنی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے چند میڈیکل اسٹورس بالعموم 5 روپئے اور 15 روپئے قیمت کے ماسک 70 روپئے اور 150 روپئے ایک عدد کی قیمت پر فروخت کررہے تھے جو بالکل غیرقانونی اور غیر یقینی ہے۔ اس دوران گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی طرف سے کئی میڈیکل شاپس پر دھاوے کئے گئے اور قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل اسٹورس کے خلاف چالان کئے گئے۔