کورونا وائرس سے بچنے ماسک لازمی ، ڈاکٹر ایس اے مجید کا بیان
حیدرآباد۔ شہریوں کو ماسک کے استعمال میں کسی طرح کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے اور نہ ہی کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں ان کو نظر انداز کرنا چاہئے ۔ ڈاکٹر ایس اے مجید ماہر ذیابیطس نے شہر حیدرآباد وریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور ان حالات میں اگر کوئی ماسک کا استعمال نہیں کرتا ہے تو وہ دراصل خودکشی کررہا ہے ۔ ڈاکٹر ایس اے مجید نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے در حقیقت اپنی ہی زندگی سے کھلواڑ کر رہے ہیں اور جو لوگ متاثر ہیں اورماسک کا استعمال نہیں کر رہے ہیں وہ دوسروں کے قتل کے مرتکب بن رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے شہریوں کو ماسک کے لزوم کی پابندی کرنی چاہئے اور ماسک منہ اور ناک کو بند کئے ہوئے ہونا چاہئے اگر کوئی ناک کے نیچے ماسک رکھتا ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہو ںنے کہا کہ پولیس یا جرمانہ کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لئے ماسک کے استعمال کو لازمی کرلیں تاکہ مہلک وبائی مرض سے محفوظ رہنے اور اپنے افراد خاندان کو محفوظ رکھنے میں یہ کوشش معاون ثابت ہوسکے ۔ ماہر ذیابیطس ڈاکٹر ایس اے مجید نے کہا کہ ذیابیطس کا شکار افراد کو کورونا وائرس کی وباء کے دوران سخت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے اور باہر گھومنے والوں سے رابطہ میں آنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔ دونوں شہروں میں ماسک کے استعمال میں کی جانے والی کوتاہی پر انہوں نے کہا کہ جو لوگ کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے ان سے انہیں ہونے والی تکالیف کے سلسلہ میں معلومات حاصل کریں تاکہ اس بات کا احساس ہو کہ کورونا وائرس کی صورت میں کن حالات سے گذرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماسک کے استعمال کے ذریعہ کورونا وائرس کے خطرہ کو 90 فیصد تک ٹالا جا سکتا ہے اور سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے کورونا وائرس کا شکار ہونے سے محفوظ رہنے میں 90 فیصد کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹرایس اے مجیدنے کہا کہ عوام میں اس بات کا احساس پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ ماسک نہ لگانا خودکشی کرنے کے مترادف ہے اور متاثرین کی جانب سے احتیاط نہ کرتے ہوئے عوام کے درمیان قرنطینہ کے اصولوں کو توڑنا غیر ارادی طور پر قاتل بننا ہے اسی لئے شہریوں کو ماسک کے لزوم کے ساتھ کورونا وائرس کی علامتوں کے صورت میں قرنطینہ اختیار کرنا چاہئے ۔