ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے ضلع کلکٹرس کو حکومت کی ہدایت

   

حیدرآباد میں چالان مہم کا آغاز، مرکزی مقامات پر پولیس کی خصوصی مہم
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) اومی کورون ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کووڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ کووڈ قواعد کے نفاذ کے اقدامات کریں۔ خاص طور پر عوام کو ماسک کے استعمال کے لئے پابند کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر چالانات کئے جائیں۔ حکومت نے ماسک کے عدم استعمال پر 1000 روپئے چالان وصول کرنے کا محکمہ پولیس کو اختیار دیا ہے ۔ ماسک کے استعمال کے علاوہ عوامی تقاریب اور دیگر خانگی تقاریب میں مہمانوں کی تعداد کو محدود کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلہ میں فیصلہ ملک میں اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اسی دوران حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے ماسک کے سلسلہ میں چالانات کی مہم آج سے شروع کردی گئی ۔ اہم مرکزی مقامات پر بڑی تعداد میں پولیس کو تعینات کیا گیا جو نہ صرف ٹو وہیلرس بلکہ 4 وہیلرس گاڑیوں کو بھی ماسک نہ ہونے پر چالانات کر رہے تھے۔ اس مہم کے دوران گاڑیوں پر موجود پینڈنگ چالانات کی وصولی کی گئی ۔ بعض مقامات پر ماسک کے سلسلہ میں آن لائین چالانات کئے گئے اور موٹر سیکل سواروں کی تصویر کشی کی گئی ۔ حکومت کے احکامات کے باوجود حیدرآباد میں ماسک کے استعمال کے رجحان میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ تجارتی علاقوں اور عوامی مقامات پر 20 تا 30 فیصد افراد کو ماسک کے استعمال کے ساتھ دیکھا گیا جبکہ 70 فیصد عوام ابھی بھی ماسک کے بغیر ہی گھوم رہے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ آنے والے دنوں میں ماسک کے استعمال کی مہم اور چالانات میں شدت پیدا کی جائے گی۔ دکانات اور تجارتی اداروں کے مالکین و ملازمین کے لئے بھی ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے گا ۔ ر