ماضی کے با اختیار وی آر اوز بے یارو مددگار

   


فائیلوں کی منتقلی اور تحصیل اسٹاف کے لیے چائے کی سربراہی، حقیر کاموں کے لیے استعمال
حیدرآباد :۔ ولیج ریونیو آفیسرس (VROs) جنہیں تاحال کسی محکمہ جات کو الاٹ نہیں کیا گیا ہے ہر کارے بن گئے ہیں جو ان کے برتر عہدیداروں کے لیے مختلف معمولی کام کررہے ہیں۔ بعض منڈلس میں دفاتر تحصیلدار میں وہ فائیلس کے بنڈلس اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں اور ان سے دفتر تحصیلدار کے اسٹاف کیلئے چائے اور ریفرشمنٹ لانے کے لیے کہا جارہا ہے ۔ ریاستی حکومت نے پانچ ماہ قبل وی آر او سسٹم کو برخاست کردیا تھا ۔ وی آر اوز کو دوسرے محکمہ جات کو الاٹ کرنا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ چونکہ وہ پوسٹس کے بغیر ہوگئے ہیں ۔ اس لیے ادنیٰ اور حقیر کاموں کے لیے انہیں استعمال کیا جارہا ہے ۔ چہارشنبہ کو ، محبوب آباد کے کے سمدرم منڈل میں وی آر اوز دفتر تحصیلدار سے ریونیو ڈیویژنل آفیسر اور کلکٹریٹ کو فائیلس لے جاتے ہوئے دیکھے گئے ۔ تلنگانہ ولیج ریونیو آفیسرس ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر جی اوپیندرا راؤ اور جنرل سکریٹری ایچ سدھاکر راؤ نے کہا کہ ’ وی آر اوز سے ادنیٰ قسم کے کام لینا قابل اعتراض ہے ۔ وہ ہر روز صبح سے رات دیر گئے تک کام کررہے ہیں ‘ ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وی آر اوز سے حقیر کام کروانے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سینئیر عہدیداروں کو وی آر اوز کی توہین نہیں کرنی چاہئے ۔۔