مالا سنہا اپنی خوبصورتی اور صلاحیت کیلئے مشہور تھیں

   

ممبئی، 11 نومبر (یواین آئی) مشہور ہندی فلم اداکارہ مالا سنہا اپنی خوبصورتی اور صلاحیت دونوں کیلئے جانی جاتی ہیں۔ 1950 سے 1970 کی دہائی تک ہندی فلموں کی صفِ اول کی ہیروئینوں میں ان کا شمار ہوتا ہے انہوں نے ہندی کے ساتھ ساتھ بنگالی اور نیپالی فلموں میں بھی کام کیا ہے ۔ اپنی خوبصورت شخصیت، پروقار انداز اور اداکاری کے گہرے تاثر کے باعث آج بھی کلاسیکی ہندوستانی سنیما کی سب سے معتبر اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں۔ اداکاری کے علاوہ مالاسنہا موسیقی کی بھی شوقین تھیں، لیکن فلموں کی خاطر انہوں نے اپنے گلوکاری کے شوق کو قربان کر دیا۔11 نومبر 1936 کو ایک نیپالی عیسائی خاندان میں ان کی پیدائش ہوئی ۔انہوں نے سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا، جن میں پیاسا (1957)، دھول کا پھول (1959)، ان پڑھ اور دل تیرا دیوانہ (1962)، گمراہ، بہو رانی، گہرا داغ (1963)، ہمالیہ کی گود میں (1965) وغیرہ نمایاں ہیں۔انہیں اکثر دھرمیندر، راج کمار، راجندر کمار، بسواجیت، کشور کمار، منوج کمار اور راجیش کھنہ جیسے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ آج کل فلموں سے دور ہیں اور ایک خوشحال زندگی گزار رہی ہیں۔