مالدیپ انتخابات اپوزیشن کی جیت ہندوستان کیلئے دھکہ؟

   

مالے :مالدیپ کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے قائد نے اپنی مہم کے دوران ہندوستانی فوج کو ملک سے نکالنے کا وعدہ کیا تھا۔ یہ الیکشن اس بات کا ریفرنڈم بھی تھا کہ خطہ میں ہندوستان اور چین میں سے زیادہ اثر و رسوخ کس کا رہے گا۔ مالدیپ میں ہفتہ کے روز ہوئے رن آف ووٹنگ میں اپوزیشن کے امیدوار محمد معزو نے تقریباً 54 فیصد ووٹ حاصل کر کے صدارتی انتخابات میں واضح فتح حاصل کی اور صدر ابراہیم صالح کو اقتدار سے بے دخل کر دیا۔ صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں کسی بھی امیدوار کو پچاس فیصد ووٹ حاصل نہیں ہوئے تھے، اس لیے رن آف میں ہفتہ کو ووٹ ڈالے گئے۔ اتوار کو ووٹوں کی گنتی کے دوران ہی صالح نے بھی ہندوستان کے مقابلہ چین کو ترجیح دینے والے اپنے مد مقابل امیدوار کی فتح کو قبول کرتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کر لی تھی۔ صالح اپنے عہدے کے دوران ہندوستان کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کو ترجیح دیتے رہے جبکہ معزو کی حمایت کرنے والے اتحاد کی مہم اس کے بالکل برعکس تھی۔ اس کا نعرہ انڈیا آؤٹ تھا۔
مبصرین کے مطابق ان کی یہ فتح بحر ہند کے اس جزیرہ نما ملک کو چین کے مزید قریب لے جا سکتی ہے۔