’ دنیا بھر میں مرجان کے پتھروں سے بنائی گئی ایسی کوئی اور مسجد نہیں ہے ۔ وزیر اعظم کا مالدیپ پارلیمنٹ سے خطاب
مالے 8 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان مالدیپ میں ایک تاریخی اور قدیم جمعہ مسجد کے تحفظ میں مدد فراہم کریگا ۔ یہ مالدیپ کی ایک تاریخی مسجد ہے جو مرجان کے پتھروں سے بنائی گئی ہے ۔ مالدیپ کی پارلیمنٹ ’ عوامی مجلس ‘ سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور مالدپ کے مابین تعلقات تاریخ سے بھی قدیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مالدیپ کی جمعہ مسجد کے تحفظ میں ‘ جسے ہوکورو مسکی بھی کہا جاسکتا ہے ‘ تعاون پیش کریگا ۔ یہ ایک تاریخی مسجد ہے جسے مرجان کے پتھروں سے بنایا گیا تھا ۔ مودی نے کہا کہ دنیا بھر میں ایسی کوئی اور تاریخی مسجد موجود نہیں ہے جسے مرجان کے پتھروں سے بنایا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر مسرور ہیں کہ مالدیپ کی جانب سے دیرپا ترقی کے حصول کیلئے جدوجہد کی جا رہی ہے ۔ وہ بین الاقوامی سولار اتحاد کا بھی شریک بن رہا ہے ۔ مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح نے محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعہ ہندوستانی گرانٹ اور تعاون کے تحت اس تاریخی جمعہ مسجد کے تحفظ کیلئے مدد پر اظہار تشکر کیا ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں ہندوستانی کونسل برائے زرعی ریسرچ کے سینئر سائینسدانوں کے دورہ اور مالدیپ کے سائینسدانوں سے ان کی بات چیت پر بھی مسرت کا اظہار کیا ۔ مالدیپ کی جمعہ مسجد 1658 میں تعمیر کی گئی تھی اور یہ دنیا کی قدیم مساجد میںشمار کی جاتی ہے اور یہ مالے شہر کے کافو اٹول کے علاقہ میں انتہائی شاندار مسجد ہے جسے مرجان کے پتھروں سے تعمیر کیا گیا تھا ۔ یہ مسجد یونیسیف کے عالمی ہیریٹیج کی فہرست میں شامل ہے ۔نریندرمودی دوبارہ وزیر اعظم بننے کے بعد آج اپنے پہلے دورہ مالدیپ پر یہاں پہونچے تھے تاکہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مستحکم کیا جاسکے اور آپس میں کچھ معاہدات کئے جائیں۔ دونوں ممالک کے قائدین نے آج ایک ملاقات میں جملہ چھ معاہدوں پر دستخط بھی کئے ہیں جن سے امید ہے کہ باہمی تعلقات کو ایک نئی جہت مل سکے گی اور تعلقات مستحکم ہونگے ۔
