مالدیپ کے سابق صدر عبدالقیوم کو غیرقانونی رقمی لین دین کے الزام کا سامنا

   

مالے (مالدیپ) ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مالدیپ پولیس نے ملک کے پراسیکیوٹر جنرل کو ہدایت کی ہے کہ ملک کے سابق صدر پر غیرقانونی رقمی لین دین کا معاملہ اور ایک سابق کابینی وزیر پر ان کے ساتھ پورا تعاون کرنے کا معاملہ درج کیا جائے ۔پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ تحقیقات کرنے والوں کو معلوم ہوا ہیکہ سابق صدر یامین عبدالقیوم اور ان کے سابق قانونی امور کی وزیر عظیمہ شکور کا موقف کچھ اس نوعیت کا ہوگیا ہے کہ انہیں غیرقانونی معاملت سے مربوط پایا گیا ہے جہاں ایک سیاحتی تفریح گاہ کو فروغ دینے ایک جزیرہ کو لیز پر دیا گیا تھا اور اس کے بعد عبدالقیوم کے بینک اکاؤنٹ میں ایک ملین امریکی ڈالرس بھی پائے گئے تھے۔ پراسیکیوٹر جنرل کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہیکہ یامین اور شکور پر تحقیقات کرنے والوں کو غلط معلومات فراہم کرنے کا الزام بھی عائد کیا جائے۔ یامین عبدالقیوم نے مالدیپ میں پانچ سال تک صدر کے فرائض انجام دیئے تاہم گذشتہ سال منعقدہ انتخابات میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔