مالٹا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا

   

مالٹا۔30 جولائی ۔ ( ایجنسیز ) وزیرِ اعظم رابرٹ ابیلا نے منگل کی شام کہا کہ ان کا ملک مالٹا ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریگا۔ابیلا نے یہ اعلان برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر کے اسی اعلان کے چند گھنٹے بعد کیا جبکہ چند ہی دن قبل فرانس نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ابیلا نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ ہمارا مؤقف شرقِ اوسط میں دیرپا امن کی کوششوں کیلئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے مالٹا کی حکومت پر اس کی صفوں کے اندر سے دباؤ بڑھ رہا تھا اور وسط جولائی میں مرکزی دائیں بازو کی اپوزیشن نے بھی اسے فوری طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔بحیرروم کے یورپی یونین کے جزیرے کی فلسطینی مقاصد کی حمایت کرنے کی ایک تاریخ رہی ہے اور اس نے دو ریاستی حل کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

شنگھائی میں طوفان کی آمد کا امکان
شنگھائی۔30 جولائی ۔ ( ایجنسیز ) چین کے سرکاری میڈیا نے اطلاع دی کہ شنگھائی نے تقریباً 283,000 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے کیونکہ ٹائیفون کومے چہارشنبہ کو شہر کے قریب پہنچ رہا ہے جس سے شدید بارشیں اور تیز ہوائیں آئیں گی۔ٹائفون کومے چہارشنبہ کی صبح تقریباً 4:30بجے مشرقی ژیجیانگ صوبے سے ٹکرایا۔سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے اطلاع دی گذشتہ رات سے آج صبح تک 282,800 لوگوں کو نکال کر دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا جن کے انخلاء کی ضرورت تھی۔چین کے ساحل سے لائیو مناظر میں لہروں کو سمندر کے کنارے پیدل گذرگاہوں سے باہر آتے ہوئے جبکہ ننگبو شہر سے نشریات میں رہائشیوں کو ٹخنوں تک گہرے پانی سے گذرتے ہوئے دکھایا گیا۔