ویلیٹا۔ 10 مئی (یو این آئی) مالٹا کے بحری جہاز کی رجسٹری میں سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک 10,000 سے زیادہ جہاز رجسٹرڈ ہو چکے تھے ، جس سے یہ یورپ میں سب سے بڑی اور دنیا کی چھٹی سب سے بڑی جہاز رجسٹری بن گئی ہے ۔ مالٹا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ جب سُپر یاٹ کی بات آتی ہے تو مالٹا عالمی سطح پر سرفہرست مقام پر ہے ۔ وزارت کے مطابق، مالٹا جلد ہی ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کے ذریعہ رجسٹریشن کے عمل کو بہتر اور ہموار کرنے کیلئے ایک اور قدم آگے بڑھائے گا۔ ٹرانسپورٹ مالٹا یکم جون سے مالٹا پرچم کے تحت رجسٹرڈ بحری جہازوں اور کشیتوں کے مالکان کو الیکٹرانک سرٹیفکیٹ (ای سرٹیفکیٹ) جاری کرنا شروع کر دے گا۔ ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور پبلک ورکس کے وزیر کرس بونٹ نے کہا کہ یہ پہل مالٹا کو سمندری صنعت میں مزید مسابقتی بنائے گا، جو تیزی سے زیادہ کارکردگی، شفافیت اور رسائی کا مطالبہ کر رہا ہے ۔