حیدرآباد : ایک عجیب اور نرالے واقعہ میں جگتیال پولیس ایک مرغ کو عدالت میں پیش کرے گی، جس نے اتفاقی طور پر اس کے مالک کو ہلاک کردیا۔ اطلاعات کے مطابق لتھنور ولیج کے 45 سالہ ٹی ستیش نے 22 فروری کو مرغوں کی لڑائی کیلئے ایک مرغ لایا تھا لیکن اس نے اس کے قبضہ سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی جس میں مرغوں کی لڑائی کیلئے اس کے پیر میں باندھے گئے نشتر ’’کوڈی کتھی‘‘ سے اتفاقی طور پر ستیش کی ران کا حصہ کٹ گیا اور بکثرت خون بہنے لگا جسے فوری دواخانہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ چونکہ ریاست میں مرغوں کی لڑائی پر امتناع عائد ہے اس لئے چند لوگوں کے ایک گروپ نے اس گاؤں میں سلیماں مندر کے قریب خفیہ طور پر مرغوں کی لڑائی کا اہتمام کیا تھا۔ تلاش کے بعد پولیس نے اس مرغ کو گولہ پلی پولیس اسٹیشن لے آئی جہاں اسے ان کی نگرانی میں رکھا گیا۔ انہوں نے اس کے لئے کھانے کا انتظام بھی کیا۔ بعض نیوز چیانلس نے جمعہ کو اطلاع دی کہ پولیس نے مرغ کو گرفتار کیا اور پولیس اسٹیشن میں باندھے گئے مرغ کے ویژولس بتائے۔ تاہم پولیس نے اس بات کی تردید کی کہ مرغ کو گرفتار کیا گیا یا وہ پولیس کی تحویل میں تھا۔ گولہ پلی اسٹیشن ہاؤز آفیسر بی جیون نے وضاحت کی کہ اس پرندے کو نہ گرفتار کیا گیا اور نہ ہی حراست میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے مرغ کے تحفظ کی ذمہ داری لی اور اسے ایک فارم ہاؤز منتقل کیا گیا اور اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا اور پھر اس کا کیا کرنا ہوگا یہ جج کی ہدایت کے مطابق کیا جائے گا۔