مالک کے ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے لے کر فرار ہونے والا ڈرائیور گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز سے ایک ڈرائیور مالک کی رقم لے کر فرار ہوگیا ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے واقعہ میں پولیس نے کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے جو ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے رقم لے کر فرار ہوگیا تھا ۔ پولیس کی ٹیم نے بنوت سائی کمار کو راجمنڈری سے حراست میں لے لیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جوبلی ہلز روڈ نمبر 36 پر واقع ایک کنسٹرکشن کمپنی میں ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرتا تھا جو ضلع کھمم کے کلور سے تعلق رکھتا ہے ۔ ڈرائیور تین سال سے اس کمپنی میں کام کررہا تھا اور مادھا پور کے علاقہ میں مقیم تھا 24 مئی کی صبح کمپنی کے نائب صدر نشین سرینواس راؤ کے ہمراہ کمپنی کے آفس پہونچا اس وقت کار میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے موجود تھے ۔ ڈرائیور نے نائب صدر کو آفس پر ڈراپ کرنے کے بعد کار لے کر فرار ہوگیا اور تھوڑی دور کے فاصلہ پر کار کو چھوڑ دیا اور رقم لے کر فرار ہوگیا تھا ۔ پولیس نے راجمنڈری سے اسے حراست میں لے لیا ۔۔ ع