نئی دہلی، 25 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا نے مالی سال 27-2026 میں حکومت کی بجٹ تجاویز کو نافذ کرنے کے لیے اہم ‘مالیاتی بل 2026’ آج ندائی ووٹ سے منظور کر لیا۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے لوک سبھا میں مالیاتی بل پر دو روزہ بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت معیشت کو مضبوطی سے آگے بڑھانے کے لیے ٹیکسوں میں اصلاحات کر کے کاروبار کو آسان بنانے کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک جانے والے سیاحوں کے لیے ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے اور جو لوگ بیرون ملک سے ضروری سامان لاتے ہیں، ان کی سہولت کیلئے ایئرپورٹ پر طریقہ کار کو رکاوٹوں سے پاک اور سادہ بنایا گیا ہے ۔ انکم ٹیکس کے نظام کو سہل بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو کاروبار بڑھانے میں مدد ملے اور ٹیکس دہندگان کو آسانی ہو۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مالیاتی خسارے کو کم کرنا حکومت کی ترجیح رہی ہے اور اسے بتدریج کم کیا جا رہا ہے ۔ 2020-21 میں مالیاتی خسارہ 9.3 فیصد تھا۔ جس میں اب تک 4.3 فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔