نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی دلیپ پانڈے نے کہا ہے کہ اگر سواتی مالیوال میں ذرا بھی شرم ہے تو انہیں راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔پانڈے نے آج کہا کہ سواتی مالیوال ایک ایسی شخصیت ہیں جو راجیہ سبھا جانے کے لیے عام آدمی پارٹی سے ٹکٹ لیتی ہیں، لیکن ردعمل ظاہر کرنے اور بولنے کے لئے بی جے پی سے اسکرپٹ لیتی ہیں۔ اگر اُن میں تھوڑی سی بھی شرم ہے تو وہ عام آدمی پارٹی سے راجیہ سبھا کی رکینت چھوڑ دینی چاہئے۔عاپ لیڈر نے کہا کہ انہیں راجیہ سبھا کے رکن کے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے اور اب بی جے پی کے ٹکٹ پر راجیہ سبھا جانے کا راستہ چننا چاہئے ۔ اگر وہ راجیہ سبھا میں رہنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو انہیں بی جے پی سے راجیہ سبھا کا ٹکٹ لینا چاہئے ۔خیال ر ہے کہ عام آدمی پارٹی کی راجیہ سبھا رکن سواتی مالیوال نے آتشی کے چیف منسٹر منتخب ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ایسی خاتون کو دہلی کا وزیر اعلیٰ بنایا جا رہا ہے جس کے خاندان نے دہشت گرد افضل گرو کو پھانسی سے بچانے کیلئے طویل جنگ لڑی تھی۔