مالیگاؤں اور دھولیہ فسادات کی جانچ کرنے والے عدالتی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے: گلزار اعظمی

   

مالیگاؤں 2001 فسادجسٹس پاٹل کمیشن رپورٹ اور دھولیہ 2013 فساد جسٹس مالٹے کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کے لیے کل جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی کو ممبئی میں ایک میمورنڈ م دیتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ آنے والے اسمبلی اجلاس میں وہ ایوان میں آواز بلند کریں تاکہ مسلمانوں کو انصاف حاصل ہوسکے ۔جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی اور قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے مالیگاؤں سے مجلس اتحاد المسلمین کے ممبر اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی کو دو صفحات پر مشتمل میمورنڈم دیتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ مالیگائوں اور دھولیہ میں رونما ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کی جانچ کرنے والے کمیشنوں کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے لیئے حکومت سے رجوع ہوں اور ماہ سمبر میں منعقد ہونے والے اسمبلی اجلاس میں ایوان میں دیگر اراکین اسمبلی کے ساتھ اس اہم مدعا کو اٹھائیں۔